عبداللہ بن عمروؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نبی کریمؐ کے ساتھ بیت اللہ کا طواف کر رہاتھا، اسی دوران نبی کریمؐ نے بیت اللہ سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا۔۔۔ اے بیت اللہ! تو کتنا مقدس ہے، اے بیت اللہ! تیری عزت اور عظمت کتنی بڑی ہے دو تین مرتبہ یہ بات ارشاد فرمائی، عبداللہ بن عمروؓ کہتے ہیں کہ میں سن رہاتھا کہ آپؐ بیت اللہ سے خطاب فرما رہے ہیں لیکن ساتھ ہی آپؐ نے فرمایا: ایک چیز ایسی ہے جس کی حرمت، جس کا تقدس، جس کی عزت،اے بیت اللہ! تجھ سے بھی زیادہ ہے، حضرت عبداللہ بن عمرو
کہتے ہیں کہ میں حیران ہوا کہ اس کائنات میں کون سی چیز ایسی ہو گی جس کی حرمت اور تقدس بیت اللہ سے بھی زیادہ ہو تو سرکار دو عالمؐ نے فرمایا کہ ہاں ایک چیز ایسی ہے جس کی عزت، حرمت، تقدس بیت اللہ سے بھی زیادہ ہے اور وہ مسلمان کی جان، اس کامال، اس کی آبرو ہے یعنی اگر کوئی شخص کسی مسلمان کی جان پر، اس کے مال پر، اس کی آبرو پر ناحق حملہ کرتاہے تو وہ اس شخص سے زیادہ بدبخت ہے، زیادہ گناہ گار اور زیادہ مجرم ہے جو معاذ اللہ بیت اللہ کوڈھانے کی کوشش کرتا ہے۔