اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت کے شہید ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر زیارت کی شہادت کی اطلاع درست نہیں نکلی، میرے پاس جو معلومات آئیں تھیں، اسی بنیاد پر میں نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا تھا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تصویر کا فارنزک بھی کرایا گیا ہے، تاہم اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل کی شہادت کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔خیال رہے کہ 10 اگست کو ضلع زیارت کے علاقے زیزری سے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ دونوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔اس خبر کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کی۔ اسی طرح گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے بھی اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کی مبینہ شہادت پر افسوس ظاہر کیا تھا۔