اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ سپر فور کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکن ٹیم مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی، جہاں کامندو مینڈس پچاس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز مکمل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے فائنل تک رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا۔ یاد رہے کہ سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو تین میچز کھیلنے ہیں اور ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی۔پوائنٹس ٹیبل کے مطابق بھارت ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پاکستان دو میچز میں ایک فتح کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بنگلادیش بھی ایک جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا مسلسل دو ناکامیوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے پر پہنچ گیا ہے اور اس کا ٹورنامنٹ کا سفر تقریباً ختم ہوچکا ہے۔پاکستان کے لیے فائنل تک پہنچنے کا آسان راستہ یہ ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں بنگلادیش کو شکست دے، جبکہ بھارت اپنے دونوں بقیہ میچز (بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف) جیت لے۔ ایسی صورت میں بھارت چھ پوائنٹس کے ساتھ اور پاکستان چار پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لیں گے۔البتہ اگر بھارت بدھ کے روز بنگلادیش کے خلاف شکست کھاتا ہے تو پھر فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھی ہوسکتا ہے۔