اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایٹمی جنگ کی صورت میں تباہی کے بعد کرہ ارض پر زندگی دوبارہ شروع کرنے کیلئے سائنسدانوں نے پیش بندیاں شروع کر دیں۔ قطب شمالی کے ایک غیر معروف جزیرے پر نباتاتی حیات کیلئے سیڈ بینک قائم کر کے لاکھوں بیج محفوظ کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سائنسدانوں نے تباہ کن جوہری جنگ کے نتیجے
میں کراہ ارض سے نباتاتی حیات کے خاتمے کے بعد نئے سرے سے زندگی شروع کرنے کیلئے پیش بندی کرتے ہوئے دوبارہ سے فصلوں کی کاشت جو کہ انسانی زندگی کیلئے ضروری ہیں کیلئے قطب شمالی کے ایک غیر معروف جزیرے میں سیڈ بینک قائم کیا ہے ۔ اس سیڈ بینک میں لاکھوں اقسام کے بیجوں کو محفوظ بنایا گیا ہے جو کسی بھی عالمی تباہی کی صورت میں زندگی کے دوبارہ آغاز کیلئے دستیاب ہونگے۔ اس سیڈ بینک کو ’’اول بارڈ گلوبل سیڈ والٹ‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ بیجوں کے اس ذخیرے سے بیج حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ بھی وہاں بیج جمع کروائیں۔ قطب شمالی میں قائم بیج بینک میں نئی تحقیقات کی روشنی میں نامساعد حالات میں بہترین فصلیں پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل بیج بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔ بیجوں کے اس ذخیرے میں بیجوں کی تعداد اب 9لاکھ 40ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میںآلو، چاول، باجرہ، چنا، دالیں اور گندم اور دیگر معروف فصلوںکے بیج شامل ہیں۔