اسلام آباد(این این آئی) ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مستعفی ہونا کافی نہیں پاکستان کو تباہ کرنے کے جرم کی سزا ملنی چاہیے۔ اپنے بیان میں ترجمان جے یو آئی نے کہاکہ عمران نیازی سیاست کے میدان سے باہر ہوچکے ،بارہواں کھلاڑی بھی تسلیم نہیں کرتے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی میں رہنے والے بقیہ دوچار رہنماء پریس کانفرنس کردیں تو میڈیا کا قیمتی وقت بچ جائے گا۔انہوں نے کہاکہ گندی سیاست اور ملک کو تباہ کرنے کا حصہ رہنے والے قومی مجرم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تعجب ہے کہ جن کے آباؤ اجداد نے ماضی میں پاکستان کو نقصان پہنچایا وہی عمران نیازی کے ارد گرد بھی نظر آئے۔انہوںنے کہاکہ نو مئی کو پی ٹی آئی قیادت نے اپنی سیاست پر خودکش حملہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ کروڑوں روپے میں پارٹی ٹکٹ خریدنے والے ان ٹکٹوں کو عمران کے دروازے پر پھینک رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ملک وقوم کے غدار کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔