لاہور (این این آئی)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شکیل عباسی نے سابق وزیراعظم عمران خان پر کھلاڑیوں کو بیروزگار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے مسائل حل کرنے کی اپیل کردی۔اپنے ویڈیو پیغام میں شکیل عباسی نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ہمیں بے روزگار کیا
اب ہم دھکے کھانے پر مجبور ہیں، ہر ڈپارٹمنٹ سے کئی کھلاڑی بیروزگار ہوئے، یہ ہمارے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہوئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور میں کھلاڑی وزیراعظم کے ہوتے ہوئے کھلاڑی بیروزگار ہوگئے، زبردستی ہمیں ہمارے ڈیپارٹمنٹس سے نکال دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کھاڑیوں کے مسائل حل کریں۔شکیل عباسی نے کہا کہ پاکستان ہاکی کو 20 سال دیئے، دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، 3 اولمپکس، 3 ورلڈکپ سمیت 400 سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلے، اس سب کے باوجود مجھے دھکے کھانے پڑ رہے ہیں جو افسوسناک ہے۔سابق اولمپیئن نے کہا کہ شہباز شریف سے گزارش کرتا ہوں کہ اسپورٹس اور ہاکی کی بحالی کیلئے اقدامات کریں، وزیراعظم سے ملاقات کرکے ہاکی کے زوال سے متعلق بھی آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔