عمان (این این آئی )اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ دوم کی سعودی عرب میں رجوہ آل السیف کے ساتھ شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں کرک کے علاقے النقع میں رسم حنا کا انعقاد کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ حسین یکم جون کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔
جنوبی اردن کے شہر الکرک میں غور الصافی کے گائوں النقع میں اردنی ولی عہد کی شادی کی تقریبات کی گہما گہمی دیکھی گئی۔چند روز قبل شاہ حسین بن طلال رائل آرمرڈ بریگیڈ/40، جو کہ مرکزی فوجی علاقے کی فورسززمیں سے ایک ہے نے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم کی آنے والی شادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی۔ شہزادہ حسین رائل آرمرڈ بٹالین/2 میں اسسٹنٹ کمپنی کمانڈر کے عہدے پر فائز ہیں۔اردنی ولی عہد، ان کے ساتھی افسران، نان کمیشنڈ افسران اور سپاہیوں نے شہزادہ ہاشم بن عبداللہ دوم کی موجودگی میں ان کی شادی کے جشن کی تقریب میں شرکت کی۔ولی عہد کی شادی عمان کے زہران پیلس میں ہونے والی ہے، جو دارالحکومت میں بنائے گئے قدیم ترین محلوں میں سے ایک ہے۔ یہ محل کئی وی آئی پی شخصیات کی شادیوں کے لیے مشہور ہے۔ شاہ عبداللہ دوم اور ان کے والد شاہ حسین بن طلال کی شادی کی تقریبات بھی اسی محل میں ہوئی تھیں۔