کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے قبائلیوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی غیرسیاسی اہلیہ اور باپردہ قبائلی خاتون کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے بے گناہ قبائلی خاتون کو فوری طورپررہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی سوشل میڈیا پر درہ آدم خیل قوم کی طرف سے جاری بیان میں شہریار آفریدی کی باپردہ اور غیرسیاسی اہلیہ کی گرفتاری اور اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ سیاست کی آڑ میں غیرسیاسی ایک گھریلو قبائلی خاتون کو گرفتار کرکے پورے قبائل کی توہین کی گئی ہے۔بیان کے مطابق سابق ایم این اے شہریار آفریدی کی گرفتاری سیاسی عمل ہے لیکن محض ایک گھریلو خاتون کو شوہر کے سیاسی ہونے پر گرفتار کرنا اورسزادینا انصاف نہیں۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ فوری طورپر شہریارآفریدی کی اہلیہ کو رہا کردے ورنہ احتجاج کرنے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔