اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ میانوالی سمیت مختلف شہرو ں میں سرکاری و دفاعی تنصیبات پر حملوں میں افغان شہری بھی ملوث ہیں ، شواہد سامنے آچکے ہیں کہ حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی ،عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ فساد کیلئے تیار کیا
عمران خان سیاست دان اور تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نو مئی کے واقعات کے حوالے سے انہوںنے بتایاکہ ایک خاص عنصر جو ان واقعات میں پایاگیا وہ افغان ہے ،سارے بلوائیوں کی فوٹیج موجود ہے اور شناخت بھی ہوگئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میانوالی سمیت مختلف شہرو ں میں سرکاری و دفاعی تنصیبات پر حملوں میں افغان شہری بھی ملوث ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جناح ہائوس میں داخل ہونے والوں کی شناخت ہوگئی ہے ، 50سے 100افراد کا تربیت یافتہ گروہ تھا ۔ انہوںنے کہاکہ قومی سلامتی اجلاس میں بتایاگیا کہ کتنے افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور کتنے افراد گرفتار ہو چکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شواہد سامنے آ چکے ہیں کہ حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی، عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ فساد کیلئے تیار کیا ۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان سیاستدان اورپی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ،اس کا بندوست نہ کیا گیا تو یہ ملک کو کسی حادثے سے دو چار کریگا ۔ انہوںنے کہاکہ مختلف کارروائیوں سے پہلے خواتین کا ایک گروہ حالات دیکھنے جاتاتھا ۔ انہوںنے کہاکہ کسی مجرم کو نہیں چھوڑا جائیگا ، قومی سلامتی کے اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ کسی کو شک پر نہیں پکڑا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ ثابت کرینگے کہ فتنہ اور فساد باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا گیا ۔