کراچی(این این آئی)پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ اکشے کمار بے حد شرارتی انسان ہیں ، وہ اتنا سنجیدگی سے شرارت کرتے ہیں کہ کسی کو اندازہ ہی نہیں ہوپاتا۔پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے بھارتی فلموں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے بالی وڈ اسٹار اکشے کمار کے ساتھ بھی بھارتی فلم نمستے لندن اور جانے من جیسی فلموں میں کام کیا۔ایک خصوصی انٹرویومیں جاوید شیخ نے بتایا کہ اکشے کمار بے حد شرارتی انسان ہیں۔
انہوں نے بالی وڈ فلم کی عکس بندی کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کو بیان کیا۔ جاوید شیخ نے کہا کہ ان کے پاس کے معروف برانڈ کی اسٹیل اورگولڈ کی گھڑی تھی جو کہ ایک دن میں سیٹ پر پہن کر گیا۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ ان کو نہیں معلوم تھا کہ اکشے کے پاس بھی ویسی ہی گھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکشے میرے پاس آئے اور ایک لڑکے کو کہا کہ یہ گھڑی ان کو کیسے دی؟ جس پر میں نے ردعمل میں کہا کہ کیسے دی کیا مطلب یہ میری گھڑی ہے۔ اس پر اکشے نے کہا کہ یہ میری گھڑی ہے۔ جاوید شیخ نے کہا اکشے انتہائی سنجیدگی سے سب پر الزام لگا رہا تھا۔ اتنے میں اکشے نے میرے سپاٹ بوائے امرنامی لڑکے کو بلایا ۔ اسکا ہاتھ پکڑا اور کہا کہ تم کو میں نے کہا تھا کہ گھڑی سنبھال کر رکھو اور تم نے یہ گھڑی شیخ صاحب کو دے دی۔ جس پر امر نے کہا کہ یہ گھڑی آپ کی نہیں بلکہ شیخ صاحب کی ہے۔ اتنے میں اکشے کا بندہ آیا اس نے کہا کہ یہ آپ کی گھڑی نہیں ہے، بلکہ آپ کی گھڑی تو یہاں ہے۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ ہم دونوں کی گھڑی ایک جیسی تھی۔ شیخ صاحب نے بتایا کہ اکشے کمار نے جب امر کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا اسی دوران اس کی گھڑی اتار لی۔ اس سے اندازہ کریں کہ وہ کتنا سنجیدگی سے مزاق کرتے ہیں۔