لاہور( این این آئی)ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق صنعتوں کی پیداوار میں پریشان کن حد تک کمی ہوئی ہے۔سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 24.99فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار 9.09فیصد کم ہوئی، جولائی سے مارچ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 8.11فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے مارچ فوڈ 8.71اور مشروبات شعبے کی پیداوار میں 3.39فیصد کمی ہوئی، تمباکو 23.78اور ٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار 16.03فیصد گر گئی۔لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 66.22فیصد کی کمی ہوئی، پیپر اور بورڈ کی صنعتوں کی پیداوار میں 5.42فیصد کمی ہوئی، کیمیکلز 6.29اور فرٹیلائزر شعبے کی پیداوار میں 9.54فیصد کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق فارماسیوٹیکلز شعبے کی پیداوار میں 23.20فیصد کمی ہوئِی، آئرن، سٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 4.02فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق آٹوموبیل شعبے کی پیداوار میں 42.48فیصد کی کمی ہوئی، جولائی سے مارچ فرنیچر شعبے کی پیداوار میں 48.26فیصد اضافہ ہوا۔