واشنگٹن (این این آئی)امریکامیں فلاڈیلفیا یونیورسٹی میں زیرتعلیم رہنے والے مقتول سعودی طالب علم الولیدالغریبی کی گریجوایشن کی سند ان کے والد نے وصول پالی ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق فلاڈیلفیا کے چیسٹنٹ ہل کالج میں کمپیوٹرسائنس کی تعلیم حاصل کرنے والے 25 سالہ الغریبی کو جنوری میں ان کے اپارٹمنٹ کی عمارت میں چاقوکے وارکر کے قتل کردیا گیا تھا۔19 سالہ ملزمہ نکول میری راجرز مقتول سعودی طالب علم کا موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے موقع سے فرار ہوگئی تھی۔
اس وقت حکام نے تصدیق کی تھی کہ راجرز پراقدام قتل، چوری اور دیگرجرائم کے الزامات عاید کیے گئے تھے۔اس کو پولیس نے قتل کے واقعہ کے چندروز بعد ہی گرفتار کرلیا تھااور اب اس کے خلاف مقدمہ چلایا جارہا ہے۔
الغریبی صرف دو ماہ بعد گریجویٹ ہونے والے تھے اور وہ سعودی عرب واپس آنے والے تھے مگر سفاک سیاہ فام قاتلہ نے چوری کی واردات میں ان کی جان لے لی۔ان کی رہائشی عمارت کے مالک کے مطابق الغریبی ایک ‘مہربان اور حیرت انگیز شخص’ کے طور پرمعروف تھے۔