اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی کے منحرف رہنماء خرم حمید روکھڑی نے کہا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کیا، ملک تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،عمران کو مذہبی اوتار کے طور پیش کیا جا رہا ہے،اس کے دور میں ہر شعبہ زندگی میں خرابی ہوئی ،تباہی کے رستے کھلتے گئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے منحرف رہنما خرم حمید روکھڑی نے کہا کہ ہمارے نوجوان اتنے زبردست ہیں کہ دنیا نے ان کو پہنچانا لیکن عمران خان نے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کیا، پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے املاک کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ اس بندے نے ایسی تحریک شروع کی کہ یہ چاہتا تھا کہ ملک کو تباہ کر دیا جائے، اس کا مشن تھا اور اس کو پتہ تھا کہ اس کے رستے کی رکاوٹ کون ہے، پھر یہ باب شروع ہوا ،میرے جیسے بندے نے اس کو جوائن کیا تھا کہ یہ اہل آدمی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ عمران خان کی خوبصورتی سے متاثر تھے نہ اس کے فین تھے، ہم اہلیت کے فروغ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اس کے ساتھ آئے تھے، مگر اس کے دور میں ہر شعبہ زندگی میں خرابی ہوئی اور تباہی کے رستے کھلتے گئے۔خرم حمید روکھڑی نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہر شعبہ زندگی میں خرابی ہوئی، اس کے 4سال میں ملک ہر لحاظ سے تباہ ہوا، عمران خان نے لیڈر شپ والا کردار ادا نہیں کیا، اس نے ملک تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس نے سیاست میں مذہب کے عنصر کو شامل کیا، عمران خان کو مذہبی اوتار کے طور پیش کیا جا رہا ہے۔