لاہور (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے شائقین کو نوجوان کرکٹرزکے قدم زمین پر رہنے دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چند پرفارمنسز پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھانا چاہیے،انہیں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے دیں،صائم ایوب دن بہ دن اپنے کھیل کو نکھارتے جارہے ہیں،
ان سمیت پی ایس ایل میں شریک تمام ینگسٹرز پر نظر ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان نے اگلے میچ میں 280رنز اسکور کرنے کی کوشش کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 240رنز بھی بنانا آسان نہیں ہوتا، اگلے 2میچز ہمارے لیے اہم ہیں، اگلے میچ میں 280رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ صائم ایوب اور اعظم خان کو افغانستان کے خلاف آنے والی سیریز میں موقع دینے کے سوال پر بابر نے کہا کہ صائم کافی باصلاحیت ہیں، ان کی کارکردگی میں دن بہ دن نکھار آرہا ہے۔اوپنر میں سیکھنے کی لگن موجود ہے، ہماری ان سمیت ایونٹ میں شریک تمام نوجوان کھلاڑیوں پر نظر ہے، فی الحال پوری توجہ پی ایس ایل پر ہی ہے، اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے بارے میں بات کریں گے۔بابر اعظم نے مزید کہا کہ صرف چند پرفارمنسز کی بنیاد پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھا دینا چاہیے،اس سے ان کی توجہ بھی منتشر ہوتی ہے، انھیں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے دینا چاہیے، یہ خود ان پلیئرز کیلیے بھی بہتر ہے۔یاد رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اپنے 9 ویں لیگ میچ میں جمعے کو ملتان سلطانز سے مقابلہ کرے گی۔