اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں سیکٹر ڈی-12 کے نزدیک مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈرنگ مرحلہ شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سی ڈی اے کے پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ ونگ نے ای-بڈنگ کی دعوت جاری کر دی ہے۔جاری کردہ ٹینڈر اعلامیے کے مطابق سی ڈی اے ایسی تعمیراتی کمپنیوں سے آن لائن بولیاں طلب کر رہا ہے جو پاکستان انجینئرنگ کونسل میں کیٹیگری سی-اے (C-A) کے تحت رجسٹرڈ ہوں اور اچھی ساکھ رکھتی ہوں۔ اس منصوبے پر ای پی سی (انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن) ماڈل کے تحت عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ بولی کا طریقہ کار دو مراحل اور دو لفافوں پر مشتمل ہوگا، جو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قواعد کے مطابق ہوگا۔سی ڈی اے کے مطابق منصوبے سے متعلق تمام تفصیلی دستاویزات، جن میں تکنیکی شرائط، اہلیت کے معیار اور دیگر ضوابط شامل ہیں، سرکاری ای-پروکیورمنٹ پلیٹ فارمز EPADS اور PPRA پر موجود ہیں، جہاں رجسٹرڈ بولی دہندگان انہیں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والی فرمیں اپنی الیکٹرانک بولیاں 16 فروری 2026 کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک EPADS کے ذریعے جمع کرا سکیں گی۔ ہر بولی کے ساتھ 120 ملین روپے کی بولی سیکیورٹی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جو پے آرڈر یا کال ڈپازٹ رسید (CDR) کی صورت میں ڈی ڈی او پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ، سی ڈی اے کے نام پر قابلِ قبول ہوگی۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کاغذی یا دستی بولیاں کسی صورت منظور نہیں کی جائیں گی۔ٹینڈر نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ موصول ہونے والی الیکٹرانک بولیاں اسی روز دوپہر 12 بجے سی ڈی اے کی پروکیورمنٹ کمیٹی اور بولی دہندگان کے مجاز نمائندوں کی موجودگی میں سی ڈی اے سیکریٹریٹ، سیکٹر جی-7/4 اسلام آباد میں کھولی جائیں گی۔قابلِ ذکر ہے کہ دارالحکومت میں نئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کو کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔















































