کراچی (این این آئی)شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک نجی اسپتال کے واش روم میں شہری کی خود سوزی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، شہری پیٹرول کی بوتل ساتھ لایا اور خود کو آگ لگا دی، جس سے اس کا 95 فی صد جسم جھلس گیا۔بلدیہ کے نجی اسپتال کے واش روم میں شہری نے خودکشی کی کوشش کیوں کی؟ زخمی شہری نے خود پولیس کو ابتدائی بیان میں انکشاف کر دیا، جس سے معلوم ہوا کہ خود سوزی کرنے والا شہری ایک ناکام عاشق تھا اور گرل فرینڈ نے اسے دھوکا دے دیا تھا۔
شہری کو طبی امداد دے کر سول برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، خود سوزی کرنے والا 40 سالہ عبدالرحمان مواچھ گوٹھ کا رہائشی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان کی نیازی کالونی کی رہائشی ایک لڑکی سے دوستی تھی۔پولیس کے مطابق لڑکی نے عبدالرحمان سے 50 ہزار روپے مانگے تھے جو اسے دے دیے، لیکن پھر اس کے بعد لڑکی کسی اور کے ساتھ دکھائی دی، اس پر دل برداشتہ ہو کر شہری نے خود سوزی کا بھیانک فیصلہ کر لیا۔















































