کراچی (این این آئی)کراچی میں مائی کولاچی روڈ پھاٹک کے قریب مین ہول سے ملنے والی چاروں لاشوں کا سول ہسپتال میں ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاشیں کئی روز پرانی ہیں، ایک لڑکے کے سر، چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات ہیں، عمر تقریباً 13 سے 14 سال ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 سال کے لڑکے کی لاش گلا کٹی ہوئی ہے جبکہ لڑکی کے سر، چہرے اور گردن پر تشدد کے نشانات ہیں عمر تقریباً 14 سے 15 سال ہے۔پولیس سرجن کے مطابق چوتھی لاش تقریباً 40 سال کی خاتون کی ہے، سر پر شدید تشدد کے نشانات ہیں۔ کیمیائی تجزیے کیلئے لاشوں سے نمونے لیے گئے ۔پولیس کی ابتدائی تحقیق کے مطابق چاروں افراد کو نیم بے ہوشی میں لاکر قتل کیا گیا، چاروں لاشیں کمبل میں لپیٹ کر سوکھے مین ہول میں پھینکی گئی تھیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔















































