کراچی(این این آئی)پی ایس ایل 8کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو6وکٹ سے باآسانی شکست دیدی، 157رنز کا ہدف 14.5اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، عبدالرحمان گرباز نے31گیندوں پر 62رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں پی ایس ایل 8کا 12واں میچ جمعرات کو
اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 156رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے157رنز کا ہدف 5.1اوورز قبل ہی صرف 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔شاداب الیون کو 31کے اسکور پر پہلا نقصان کولن منرو کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 9رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم اس کے بعد عبدالرحمان گرباز نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف31گیندوں پر 7چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 62رنز بنائے۔رسی وان ڈر ڈوسین نے42رنز بنائے، شاداب خان 3رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف علی نے13گیندوں پر 3چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اعظم خان 9رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے ارشد اقبال، جیمز نیشم اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کا آغاز شاندار رہا، محمد حارث اور بابر اعظم نے 6.5اوورز میں 76رنز بنا ڈالے تاہم نوجوان بلے باز 21گیندوں پر40رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔حارث کی وکٹ گرنے کے بعد حسن علی نے تباہ کن بولنگ اسپیل کیا اور پشاور زلمی کے تین انتہائی اہم بیٹرز ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول اور جیمز نیشم کی وکٹیں لے کر بابر الیون کو مشکلات سے دوچار کردیا۔کپتان بابر اعظم نے58گیندوں پر 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کے7کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے، صائم ایوب3، کیڈمور ایک، روومین پاول صفر، جیمز نیشم 6، دوسان شناکا 11، وہاب ریاض 8، عثمان قادر7رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ارشد اقبال نے ناٹ آؤٹ 2رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 35رنز دے کر 3وکٹیں لیں، رومان رئیس، فہیم اشرف، شاداب خان اور مبصر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔