اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے فالج کے مریضوں کے لیے ایک اہم اور قابلِ ستائش قدم اٹھایا ہے۔ اب صوبے کے 16 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں فالج کے اثرات کو فوری طور پر کم کرنے والا مہنگا TPA انجیکشن (جس کی قیمت تقریباً 80 ہزار روپے ہے) چوبیس گھنٹے مفت دستیاب ہوگا۔یہ انتظامات ایسے مریضوں کے لیے کیے گئے ہیں جنہیں فالج کا اچانک حملہ ہو۔ اگر حملے کے بعد مریض کو 4 سے 5 گھنٹے کے اندر یہ انجیکشن لگا دیا جائے تو عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ ممکن ہو سکتا ہے۔
مذکورہ انجیکشن لگانے کے تمام تقاضے ان 16 سرکاری ہسپتالوں میں مکمل کر دیے گئے ہیں۔فری TPA انجیکشن فراہم کرنے والے لاہور کے ہسپتالوں میںسروسز ہسپتال، میو ہسپتال، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز اور سر گنگا رام ہسپتال شامل ہیں۔اسی طرح جناح ہسپتال لاہور، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، عزیز فاطمہ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ بھی اس فہرست میں موجود ہیں۔
مزید برآں، یہ سہولت شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، ضلع ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، نارووال کے ہسپتالوں سمیت وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بھی فراہم کی جائے گی۔اس فیصلے سے فالج کے متاثرہ مریضوں کو بروقت علاج مل سکے گا اور بے شمار لوگوں کو دیرپا معذوری سے بچانے میں مدد ملے گی۔















































