اسلام آباد (نیوز ڈیسک) منگلا ڈیم کی اپ ریزنگ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے آزاد کشمیر حکومت نے بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔
محکمہ توانائی و آبی وسائل نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 2,376 متاثرہ گھرانوں کے تمام بقایا بجلی بل مکمل طور پر معاف کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق معاف کی گئی رقم کی مجموعی مالیت تقریباً 13 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔
یہ سہولت ان خاندانوں کے لیے ہے جنہیں منگلا ڈیم کی توسیع اور اونچائی میں اضافے کے منصوبے کے دوران اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام اُن دیرینہ مطالبات کی تکمیل ہے جو متاثرین کئی سالوں سے حکومت کے سامنے رکھتے آئے ہیں۔ بجلی کے بلوں میں رعایت خصوصاً ان کی بڑی خواہش رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا فوری نفاذ ہو چکا ہے اور تمام زیرِ التوا بقایا جات ختم کرتے ہوئے میٹروں پر واجبات زیرو کر دیے جائیں گے۔















































