اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی ایئرپورٹ پر 25 مسافروں کو مبینہ طور پر آف لوڈ کیے جانے کا مسئلہ اب وفاقی محتسب تک پہنچ چکا ہے۔وفاقی محتسب نے اس معاملے کی تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ 15 دسمبر تک تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے۔شکایت اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 نومبر کو روزگار کے سلسلے میں ترکی روانہ ہونے والے 25 مسافروں کو بغیر کسی واضح بنیاد کے فلائٹ سے اتار دیا گیا۔
شکایت کنندگان کے مطابق مسافروں کے تمام دستاویزات مکمل تھے مگر ایف آئی اے نے صرف اس بات پر اعتراض اٹھایا کہ مسافروں کو پنجاب کے بجائے کراچی سے روانہ کیوں کیا جا رہا ہے۔درخواست میں مزید بتایا گیا کہ پروٹیکٹر آف امیگرینٹس کی کلیئرنس اور ملازمت کے معاہدوں کی موجودگی کے باوجود مسافروں کو سفر سے روکا گیا۔ نہ تو آف لوڈنگ کے حوالے سے کوئی سرکاری مہر لگائی گئی اور نہ کوئی تحریری رسید دی گئی، جسے شکایت کنندگان نے غیر قانونی اقدام قرار دیا ہے۔اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے کی طرف سے کراچی زون کے ڈائریکٹر کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ کمشنر تحفظات برائے اوورسیز پاکستانیز کی وساطت سے وفاقی محتسب کو ارسال کی جائے گی۔















































