لاہور( این این آئی ٗ مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں دو روز کمی کے بعد برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 16روپے اضافے سے501روپے، زندہ برائلرمر غی کی قیمت 11روپے اضافے سے334روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت289روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔
دوسری جانب آٹے کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہوگیا ۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ اور تندور مالکان کی ایسوسی ایشن کے درمیان نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے میں ڈیڈ لاک بر قرار ہے ،ضلعی انتظامیہ نے نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 اور نان کی قیمت 22 روپے برقرار ہے۔جبکہ ایسوسی ایشن روٹی موجودہ قیمت پر روٹی اور نان فروخت کرنے پر تیار نہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان اب دوبارہ مذاکرات منگل کو ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم ہو رہی ہے، فائن آٹے کی قیمت کا جائزہ لے رہے ہیں۔جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا ہے کہ احتجاج موخر کر رکھا ہے ، ہماری کوشش ہے نان او روٹی کی قیمت رضامندی سے بڑھے،ہم بھی بلاوجہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔