لاہور ( این این آئی) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم کے نائب کپتان شان مسعود کو نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق شان کو نائب کپتان بناتے وقت کپتان اور سلیکٹرز سے رائے نہیں لی گئی تھی۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نائب کپتان کا تقرر پی سی بی چیئرمین کا استحقاق ہے۔گیارہ رکنی ٹیم کو حتمی شکل کپتان، ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی نے دی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں لیگ اسپنر اسامہ میر ڈیبیو کریں گے جبکہ 2سال بعد پاکستان ون ڈے ٹیم میں مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل کی واپسی ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان کریں گے جبکہ مڈل آرڈر میں بابراعظم، محمد رضوان، حارث سہیل اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان 3 ریگولر فاسٹ بولروں محمد وسیم، نسیم شاہ اور حارث روف کے ساتھ میدان میں اترے گا جبکہ محمد نواز اور اسامہ میر اسپنرز ہوں گے۔واضح رہے کہ دو دن پہلے پی سی بی نے شان مسعود کو شاداب خان کی جگہ نائب کپتان مقرر کیا تھا۔