سکھر(این این آئی)سکھر میں باراتیوں کی وین ٹرالر سے ٹکرانے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سکھر میں باراتیوں کی وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال سکھر منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق بارات دو بھائیوں کلتار لال اور اکشے کمار کی بارات ڈھرکی جا رہی تھی کہ گھوٹکی قومی شاہراہ پر وین اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ ایک خاتون اور ایک اور شخص کی موت اسپتال میں دوران علاج ہوئی۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک 14 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں میں 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت خاتون پْھلی، مور لال اور مووی میکر عدیل سے ہوئی ہے۔