لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) لندن کے مبینہ ترجمان کے انکشاف پر پی ٹی آئی انصاف فورس کے کارکنوںنے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء کے ہمراہ دھرنا دے کر احتجاج کیا، کارکنوںنے ٹائرجلا کر ٹریفک روک دی جس کے باعث اڈا پلاٹ سے
جاتی امراء روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی انصاف فورس پنجاب کے صدر میاں عباد فاروق کی قیادت میں کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء کے باہر پہنچ کر شدید نعرے بازی کی اور بعد ازاں دھرنا بھی دیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث پولیس نے مرکزی دروازے پر حصار قائم کر لیا، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جاتی امراء کے باہر مرکزی شاہراہ کو ٹائر جلا کر بلاک کردیاجس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔کارکنان نواز شریف کی فوری گرفتاری اور انٹر پول کے ذریعے وطن واپس لانے کے مطالبے پر مبنی نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں عباد فاروق نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف ارشد شریف کے قتل کا فوری مقدمہ درج کیا جائے،عمران خان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کا بھی نوازشریف پر مقدمہ درج کیا جانا چاہیے ۔ہم چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تسنیم حیدر کے اعترافی بیان پر سوموٹو نوٹس لیا جائے ۔