اسلام آباد (این این آئی) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا،26نومبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند کیا جا سکتا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات پیش آسکتی ہیں،اسلام آباد میں کوئی بھی سیاسی سرگرمی قانون کے مطابق اور اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت سے ہو گی ۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت امن وعامہ کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں سی پی او ہیڈ کوارٹرز، سی پی او سکیورٹی ڈویژن، سی پی او آپریشنز ڈویژن، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی سپیشل برانچ ، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ایس پی سکیورٹی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ، چیف ٹریفک آفیسر، ایڈیشنل ایس پی اسلام آباد، تمام زونل ڈی پی اوز ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔ایس ایس پی آپریشنز نے آئی جی اسلام آباد کو امن وعامہ کے سلسلہ میں اٹھائے گئے سکیورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریف کیاجس میں آنیوالے وقت میں سیاسی جماعت کے جلسہ کے بارے میں سکیورٹی اقدامات اور خطرات کا تخمینہ لگایا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد کیپٹل پولیس ہمہ وقت چوکس ہے ، 26نومبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند کیا جا سکتا ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے ، اجلاس میں فیصلہ ہو ا کہ اسلام آباد میں کوئی بھی سیاسی سرگرمی قانون کے مطابق اور ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے ہو گی ، ریڈ زون کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس ،ایف سی اور رینجرز تعینات ہو گی اور سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے گا،
دہشت گردی کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھرمیں سرچ آپریشنز کئے جائیں گے ، کسی قسم کی قانونی رکاوٹ پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ضلع بھر میں ڈیوٹی پر تعینات نفری کی سی پی او ہیڈ کوارٹرز خود نگرانی کریں گے اور ان کی رہائشوں، خوراک اور دیگر سہولیات کا خیال رکھیں گے
جبکہ آج سے آئی جی اسلام آباد تمام تر سہولیات کا خود جائزہ لیں گے، ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے اور اہلکاروں کو ڈرونز اور باڈی کیمرے مہیا کر دئیے گئے ہیں ۔ آئی جی اسلام آباد نے آخر میں کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن وعامہ کے
قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ اسلام آباد کیپٹل پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پکار 15پر اطلاع کریں ۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس وفاقی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔