ماسکو (این این آئی )روس نے نیم خودمختار مسلم اکثریتی آبادی والی ریاست چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف کی اہلیہ سمیت 10 یا زائد بچوں کو جنم دینے والی خواتین کو سوویت یونین دور کا اعزازی خطاب مدر ہیروئن ایوارڈز دینا شروع کر دئیے۔
دنیا میں جہاں بہت سے ممالک بڑھتی آبادی سے پریشان ہیں وہیں روس نے ملک کی آبادی بڑھانے کیلئے ایک دلچسپ اقدام اٹھایا۔ روس کی آبادی میں مسلسل کمی کے باعث صدر پیوٹن نے رواں سال اگست میں 10 یا اس سے زائد بچے جنم دینے والی روسی خواتین کو سوویت یونین دور کے اعزازی خطاب مدر ہیروئن اور 16 ہزار ڈالرز سے زائد (35لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم)انعام میں دینے کا اعلان کیا تھا۔مدر ہیروئن کا اعزازی خطاب 1944 میں شروع کیا گیا تھا جو ان روسی خواتین کو دیا جاتا تھا جن کے بچے زیادہ ہوتے تھے اور وہ ان سب کی اچھی پرروش کرتی تھیں، تاہم 1991 میں سوویت یونین کے خاتمے پر اسے ختم کردیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق روسی صدر کی جانب سے یہ سکیم کورونا وبا کے دوران بچوں کی پیدائش کی شرح میں غیر معمولی کمی اور یوکرین جنگ میں ہزاروں روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی تھی۔رمضان قادروف اس وقت چیچن ریپبلک کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹوں کو پیوٹن کی یوکرین جنگ کیلئے فرنٹ لائن پر بھیجنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔اس کے علاوہ یہ رقم اس وقت ادا کی جاتی ہے جب خاتون کا دسواں بچہ ایک سال کا ہوجاتا ہے جبکہ ان تمام بچوں کی بہتر پرورش کرنا بھی ضروری ہے، جن میں بہتر تعلیم، صحت ، اخلاقیات وغیرہ شامل ہیں۔