اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارلحکومت کے تھانہ سنگجانی ترنول کی حدود میں بڑے پیمانے پر گیس چوری سے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کے نقصان کا انکشاف ہے ، گیس چوروں کے خلاف سوئی نادران گیس کمپنی کی ٹاسک فورٹس کی کارروائیوں کی راہ میں سنگجانی پولیس رکاوٹ بن گئی،
گیس چوروں کو پکڑے میں مدد کرنے کی بجائے چوروں کا تحفظ کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ کی جانب سے کارروائی کیلئے دی جانے والی درخواست پر کسی بھی کارروائی کرنے سے انکار کر دیا جبکہ ایس این جی پی ایل کے اعلیٰ حکام نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سے فوری کارروائی کیلئے رابطہ کافیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی ترنول کی حدود میں واقع بڑے بڑے ہائوسنگ سمیت دیگر کمرشل منصوبوں میں گیس چوری کی معلومات پر جنرل منیجر ایس این جی پی ایل اسلام آباد ریجن خرم ایوب کی ہدایت پر چیف انجینئر معصم ابرار نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی اس ٹاسک فورس نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا اور جب ٹاسک فورس تھانہ سنگجانی ترنول کی حدود میں متحرک ہوئی اور شاہین ٹائون میں گیس چوری کی اطلاع پر ایک گھر پر جہاں کمپنی کے ریکارڈ کے بغیر ٹمپرڈ میٹر سے گیس چوری کی جارہی تھی ،جب وہاں چھاپہ مارا گیا تو گھر کے رہائشیوں نے ٹیم پر حملہ کردیا اور جان سے مارنے کی کوشش کی چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ سب انجینئر امجد نے تحریری طور پر ایس ایچ او تھانہ سنگجانی کو تحریری طور پر درخواست دی تو ایس ایچ او نے کسی قسم کی کارروائی سے انکار کر دیا۔ایس این جی پی ایل ذرائع کے مطابق چار روز گزرنے کے باوجود ابھی تک درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ،ذرائع کے مطابق کمپنی کی طرف سے گیس چوری روکنے کے لیے تعاون نہ کرنے پر کمپنی کے اعلیٰ حکام نے آئی جی پولیس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ پولیس کو ایس این جی پی ایل کے عملہ سے تعاون کا پابند بنایا جائے۔