لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں لاہور سے شامل نہ ہوئے۔ زمان پارک میں واقعہ عمران خان کی رہائش گاہ پر موجود ہونے کے باوجود شیخ رشید اپنی گاڑی پر سوار ہو کر واپس راولپنڈی روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو بتا دیا ہے کہ وہ شاہدرہ نہیں آسکتے لہٰذا وہ لانگ مارچ کو گجرات سے جوائن کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیر علی کے خلاف دائر مقدمات پر مبنی ایک کیسٹ عسکری ادارے کے سربراہ کو بھجوا دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شیر علی پر 18 مقدمات ہیں۔ دوسری جانبپاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے اسلام آباد تک نکالے جانے والے لانگ مارچ کے لئے دو خصوصی کنٹینرز تیار کروائے ہیں۔ لانگ مارچ کے آغاز کے دوسرے روز تیار کیا گیا ایک کنٹینر راوی چوک اور دوسرا کنٹینر شاہدرہ موڑ پر کھڑا کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لئے زمان پارک سے راوی چوک پہنچے جہاں وہ کھڑے کنٹینر پر سوار ہو کر شاہدرہ چوک گئے اور شاہدرہ چوک پر عمران خان اپنی قیادت کے ہمراہ دوسرے کنٹینر پر سوار ہوگئے۔