کراچی(این این آئی)ایم کیو ایم پاکستان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور عامر خان گروپوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔عامر خان گزشتہ چند ماہ سے ایم کیو ایم پاکستان کی سرگرمیوں سے الگ نظر آرہے ہیں۔گزشتہ ضمنی انتخابات میں بھی عامر خان منظر عام پر نہیں آئے۔
ایم کیو ایم پاکستان میں خالد مقبول گروپ کا پیپلزپارٹی پر عامر خان کی سفارش پر لگائے گئے افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے دبائو ڈالنا شروع کردیا ہے۔رابطہ کمیٹی کے اہم ارکان کے دبائو پر سندھ حکومت نے عامر خان کے قریبی عزیر سہیل بابو کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔سہیل بابو ایم ڈی اے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تعینات تھے۔محکمہ بلدیات نے سہیل بابو کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔عامر خان کی سفارش پر کے ایم سی، واٹربورڈ سمیت دیگر اداروں میں تعینات کئے گئے دیگر افسران کے تبادلے بھی متوقع ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر کئی سابق رہنمائوں کی ایم کیو ایم پاکستان مین دوبارہ واپسی کی راہیں ہموار کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنمائوں کی واپسی کے لئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اہم کردار ادا کررہے ہیں۔دو روز قبل گورنر ہائوس میں محفل میلاد اور نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر فاروق ستار سمیت کئی موجودہ اور سابق رہنمائوں نے شرکت کی تھی۔