عوام قیمتوں میں کمی کے ثمرات سے محروم ہونے لگے۔ پیٹرول پمپس پر مقرر کردہ ریٹ سے زائد وصولی۔انتظامیہ کی پراسرار خاموشی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عوام قیمتوں میں کمی کے ثمرات سے محروم، پٹرول پمپس پر مقرر کردہ سے زائد وصولی، بیشتر پمپس ایک روپیہ 25پیسے تک زائد وصول کرکے فی لیٹرپٹرول 226.53 روپے میں فروخت کر رہے ہیں،ایسوسی ایشن سربراہ کا کہناہےکہ کوئی پمپ مقرر کردہ حکومتی نرخ سے ایک پیسہ زائد نہیں لےسکتا، شکایات پر کارروائی ہوگی۔ روزنامہ جنگ میں اعظم علی کی خبر کے مطابق کراچی کے پٹرول صارفین کاکہناہےکہ بیشتر پٹرول پمپ مالکا ن حکومت کے اعلان کردہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت سے ایک روپیہ یا ایک روپیہ 25پیسے زائد وصول کررہے ہیں، دوسری طرف آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عبدالسمیع خان نے بتایا کہ ملک کا کوئی پٹرول پمپ حکومت کے اعلان کردہ نرخ سے ایک پیسہ زائد وصول نہیں کرسکتا اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کیخلاف ایکشن لیا جائے گا صارفین اس کی شکایت کریں۔ واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے پٹرول کی نرخ224.80روپیہ ہے جبکہ مختلف پٹرول پمپ 225.53روپئے اور226.53روپیہ فی لٹر وصول کر رہے ہیں جس پر صارفین اور پٹرول پمپ کے ارکان میں تلخ کلامی ہورہی ہے۔