اسلا م آباد(نیوز ڈ یسک ) ملک کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں ڈکی بھائی کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اپنی حراست کے دوران پیش آنے والے واقعات اور بعض اہم شخصیات سے ہوئی ملاقاتوں کا انکشاف کیا ہے۔تفصیلی وی لاگ کے بعد یاسر شامی کے ڈیجیٹل شو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈکی بھائی نے بتایا کہ گرفتاری کے ایام میں اُن کی ارشاد بھٹی اور ڈاکٹر عمر عادل سے ملاقات ہوئی تھی۔سعد الرحمان نے کہا کہ ارشاد بھٹی ایک مرتبہ جیل میں اُن کی صورتحال جاننے آئے، اس موقع پر انہیں ہتھکڑیوں سمیت سامنے لایا گیا۔
یوٹیوبر کے مطابق ایک جیل اہلکار نے اُن سے کہا تھا کہ یہاں کوئی تمہارا ساتھ نہیں دے گا، صرف سرفراز چوہدری ہی تمہاری مدد کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں جب انہیں حوالات سے نکال کر سرفراز چوہدری کے کمرے میں لے جایا گیا تو انہوں نے فوراً ہتھکڑیاں کھلوا دیں اور ارشاد بھٹی کے سامنے انتظامیہ کا مثبت تاثر پیش کرنے کی کوشش کی۔ سرفراز چوہدری نے پوچھا بھی کہ کہیں اُن پر تشدد تو نہیں ہوا، مگر ڈکی بھائی نے اس سے انکار کر دیا۔یوٹیوبر نے آگے بتایا کہ ڈاکٹر عمر عادل سے بھی اُن کی جیل میں ملاقات ہوئی، جو خود بھی اسی دوران قید تھے۔
ڈکی بھائی کے مطابق عمر عادل نے اُن پر ہونے والے تشدد کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور وہ اس واقعے کے گواہ ہیں۔سعد الرحمان نے مزید کہا کہ قیدیوں کی جانچ پڑتال کے دوران اُن کی شرٹس اتروائی جاتی تھیں اور ڈاکٹر عمر عادل بھی اسی عمل سے گزرے۔ انہوں نے اس پر احتجاج کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ آرائیں برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔















































