لاہور( این این آئی)پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں دوبڑی وارداتیں ہوئیں جس میں ملزمان 5 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے، سی سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے وارداتوں کو ٹریس کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹائون میں ایک گھر
میں ڈھائی کروڑ روپے کی چوری کی واردات ہوئی ۔گھریلو ملازمہ ساتھیوں کے ہمراہ غیرملکی کرنسی ، سونا،لاکھوں روپے چوری کرکے فرار ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔حکام کا کہنا تھا کہ لوٹے گئے مال میں 125تولہ سونا ، 30ہزاریورو اور 11 لاکھ روپے شامل ہیں، متاثرہ خاتون کا شوہر جرمنی میںمقیم ہے۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بیٹی کی شادی کے لیے نقدی ، سونا بینک سے نکلوایا تھا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے شاہدرہ ٹان کے گھر میں ڈھائی کروڑ کی چوری کی واردات کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔دوسری بڑی واردات میں نواب ٹائون میں ایک گھر سے ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی ہوئی جہاں 2 ڈاکو گھرسے غیر ملکی کرنسی ، سونا لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہری مشتاق کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا ہے، لوٹے گئے مال میں 104تولہ سونا، 27 لاکھ روپے ،4570 ریال وغیرہ شامل ہیں۔ تازہ ترین خبر کے مطابق مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔