اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بیجنگ اور نئی دہلی کو ایک دوسرے کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار کے طور پر دیکھنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کے دوران زور دیا کہ چین اور بھارت کو دشمن یا خطرہ سمجھنے کے بجائے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان درست اسٹریٹجک ہم آہنگی قائم ہونی چاہیے اور چین باہمی مفاد اور تعاون کے اصولوں پر کاربند رہنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ دونوں ملک ایک مشکل مرحلے سے گزرنے کے بعد اب تعلقات کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو تنازعے میں اور مسابقت کو تصادم میں نہیں بدلنا چاہیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی تین روزہ دورے پر بھارت میں موجود ہیں اور اس دوران وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق وہ اسی ہفتے اسلام آباد کا بھی دورہ کریں گے جبکہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر اسی ماہ چین کا دورہ کر سکتے ہیں۔