سکر دو ٗ کراچی(این این آئی)اسکردو کے سب ڈویژن روندو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق روندو میں آنے والے زلزلے کی شدت 4.3 اور زیز زمین گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق اسکردو کے سب ڈویژن روندو میں آنے والے پہاڑ سے پتھر گرنے
کے باعث گلگت اسکردو روڈ بلاک ہو گئی اور پتھر لگنے سے کئی مسافر زخمی ہوئے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد پہاڑ سے گرنے والے بڑے پتھر سڑک پر موجود گاڑیوں پر گرے ہوئے ہیں۔دوسری جانب سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے بے گھر ہونے والے لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے متاثرین مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں۔سندھ میں سیلاب سے ملیریا،ہیضے،ڈائریا اور دیگر امراض پھوٹ پڑے، بچے، بوڑھے اور خواتین ان بیماریوں سے متاثر ہو ئے۔عینی شاہدین کے مطابق متاثرین اور بیماروں کی تعداد بہت زیادہ بڑھتی جا رہی ہے ،طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، ایسے میں سماجی اور فلاحی تنظیمیں بھی سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔سیلاب متاثرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کا اکیلے اتنی بڑی تعداد میں متاثرین کو ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں اس لیے عالمی برادری آگے بڑھے اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے۔واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 25 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق 20 ہزار کے قریب افراد جلدی امراض میں مبتلا ہوئے، ڈائریا کے 17 ہزار 919 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملیریا کے 2 ہزار 622 اور ڈینگی کے 64 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔