اسلام آباد( خبرایجنسی، مانیٹرنگ نیوز) امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئر جیروم پاول کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کم کرنے کے لیے شرح سود کو برقرار رکھنے کے اشارے کے بعد امریکی ڈالر دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں 20 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق ڈالر انڈیکس دو دہائیوں کے دوران ایشیا کی تجارت میں 109.44 تک پہنچ گیا، ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد دیگر بڑی کرنسیاں نئی کم ترین سطح پر چلی گئی ہیں اور اس کی وجہ سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں پر دباؤ بڑھا ہے۔ڈالر، جاپانی کرنسی ین کے مقابلے میں 138.88 تک پہنچ گیا جو 21 جولائی کے بعد سب سے زیادہ ہے، جبکہ آف شور کرنسی یوآن 2 سال کی کم ترین سطح 6.93 فی ڈالر پر آگئی۔برطانیہ کا پاؤنڈ اسٹرلنگ بھی ڈھائی سال کی کم ترین سطح کے بعد 1.1656 ڈالر پر پہنچ گیا جبکہ یورو 0.49 فیصد گر کر 0.99 ڈالر پر آگیا،آسٹریلیا کی کرنسی 0.7 فیصد کم ہوکر 0.68 ڈالر تک پہنچی جو 19 جولائی کے بعد کم ترین سطح ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی کرنسی ایک ماہ کی کم ترین سطح 0.61 ڈالر تک پہنچ گئی۔