جے پور(این این آئی)مبینہ طورپر خفیہ دستاویزات اور ویڈیوز لیک کرنے والے بھارتی فوج کے اہلکار شانتی مے رانا کو عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہنی ٹریپ کا شکا ر بن کر خفیہ ویڈیو اور دستاویزات لیک کرنے میں مبینہ طورپر
ملوث 24سالہ بھارتی فوجی شانتی مے رانا کو گزشتہ روز گرفتار کیاگیا تھا ۔ سرکاری عہدیدار وں کے مطابق ملزم فوجی جوان شانتی مے نے مبینہ طورپرپاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ جنگی مشقوں سے متعلق خفیہ دستاویزات اور ویڈیو زکا اشتراک کیاہے۔سی آئی ڈی انٹیلی جنس ڈائریکٹر جنرل اومیش مشرا نے کہاہے کہ شانتی مے رانا کو جرم کی سنگینی کے پیش نظر جامع تفتیش کیلئے دو روزہ ریمانڈ پر بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم گزشتہ دو سال سے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعے پاکستانی خواتین سے رابطے میں تھا۔ اب تک کی تحقیقات سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ملزم کو فوج کی اسٹریٹجک طور پر حساس اور خفیہ معلومات فراہم کرنے کے عوض رقم بھی دی جارہی تھی۔ اومیش مشرا نے کہا کہ ملزم کے بینک اکائونٹ کے ریکاڈ سے رقم حاصل ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوجی جوان نے اپنی رجمنٹ کی خفیہ دستاویز اور ویڈیوز پاکستانی خاتون کو سوشل میڈیا کے ذریعے بھیجے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پوچھ گچھ اور موبائل فون کے تکنیکی جائزہ میں ان الزامات کی تصدیق کے بعد بھارتی فوجی اہلکار کے خلاف سرکاری رازداری ایکٹ 1923کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔