اسلام آباد ،لاہور(این این آئی)25 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کے حقیقی لانگ مارچ
کے دوران حکومت کا 14 کروڑ 90 لاکھ روپے کا خرچہ ہوا۔کہا جارہا ہے کہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر پولیس حکام نے حکومت کو ایک درخواست دی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا۔بعدازاں حکومت کی جانب سے تحریری درخواست کے بعد 14 کروڑ 90 لاکھ روپے پولیس کو جاری کیے گئے تھے۔ اس سے قبل ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اگر عمران خان کا حقیقی لانگ مارچ 5 روز تک جاری رہا تو پی ٹی آئی دھرنے کے ممکنہ اخراجات 20 کروڑ روپے تک ہوسکتے ہیں۔رپورٹ میں مارچ کے انتظامات سنبھالنے والے رہنما کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اگر 50 ہزار لوگ جمع ہوگئیاور دھرنا 5 روز تک جاری رہا تو صرف پڑائو ڈالنے کا خرچہ 20 کروڑ روپے تک ہوسکتا ہے۔دوسری جانب لاہور کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ،پولیس اہلکاروں پر تشدد کا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنمازبیر خان نیازی کی 11جون تک عبوری ضمانت منطور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا ۔ پی ٹی آئی رہنما زبیر خان نیازی ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے ملزم کی 11جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے پولیس کو عبوری ضمانت حاصل کرنے والے رہنما کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔