اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سری لنکا کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹر کمار سنگاکارا نے پاکستان میں سیریز کھیلنے کے حق میں بیان دے کر بھارتی حلقوں میں غصے کی لہر دوڑا دی۔تفصیلات کے مطابق حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث چند کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ مؤخر کرنے کی درخواست پر ردِعمل دیتے ہوئے سنگاکارا نے کہا کہ بعض رشتے اور دوستیاں ایسی ہوتی ہیں جنہیں چھوڑا نہیں جاتا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وہ خود اس ٹیم کے ساتھ تھے جس پر لاہور میں حملہ ہوا تھا، لیکن پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اس صورتحال کو بڑی حد تک قابو کر لیا تھا۔کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے باوجود وہ کئی مرتبہ پاکستان آ چکے ہیں اور آگے بھی آتے رہیں گے، کیونکہ پاکستان میں کرکٹ کا اپنا ہی ایک منفرد ماحول ہے، جبکہ پاکستانی عوام کی محبت ہمیشہ انہیں یہاں واپس لاتی ہے۔واضح رہے کہ اس وقت سری لنکن ٹیم راولپنڈی میں موجود ہے جہاں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے بعد زمبابوے کو شامل کر کے سہ ملکی ٹورنامنٹ بھی شیڈول ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت نے مبینہ طور پر سری لنکا کو پاکستان آنے سے روکنے کے لیے اپنے ہاں سیریز کی پیشکش کی تھی، مگر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھارتی آفر مسترد کرتے ہوئے پاکستان میں کھیلنے کو ترجیح دی۔















































