گوجرانوالہ (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی تصاویر والے پورٹریٹ پر سیاہی پھینک دی گئی۔ بد ھ کو پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے پہلے ہی نامعلوم افراد نے جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی کے تشہیری پوسٹرز
پر سیاہی پھینک دی ہے،ان نامعلوم افراد نے عمران خان کی تصاویر کو خصوصی طور پر ہدف بنایا ہے۔ جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسہ سے پارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کیا،پی ٹی آئی کی طرف سے جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر تشہیری ہورڈنگز اور سٹکرز لگائے گئے۔بی بی سی کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن)چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ایم پی اے اشرف انصاری کی تصاویر پر سیاہی سے لوٹا بھی لکھا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق شرانگیزی کرنے والوں کی تلاش جاری ہے اور اس سلسلے میں جی ٹی روڈ پر مختلف فیکٹریوں اور تجارتی مراکز کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہے۔