ممبئی (آن لائن ) افغانستان سے تعلق رکھنے والے لیگ سپنر راشد خان نے گزشتہ روز آئی پی ایل کے ایک میچ میں 4 وکٹ لے کر تیز ترین 450 وکٹوں کا ریکارڈ بنا دیا۔
افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان آئی پی ایل 2022 میں گجرات ٹائٹنس کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ راشد خان اس آئی پی ایل کے 12 میچوں میں 15 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ راشد خان نے اس دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 450 وکٹیں بھی پوری کرلیں۔راشد خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں ڈیوائن براوو اور عمران طاہر کے بعد تیسرے بالر بن گئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں آل رانڈر براوو 531 میچز میں 587 وکٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے عمران طاہر ہیں جنہوں نے 356 ٹی ٹونٹی میچز میں 451 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ افغانستان کے راشد خان اس فہرست میں 323 میچز میں 450 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر ہیں۔