لاہور( این این آئی)چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم سید حسن علی قادری نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پستی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیاسی عدم استحکام پر قابو نہ پایا گیا تو حالات مزید ابتر ہو جائیں گے ، سیاستدان ملک و قوم کی خاطر
اپنی اناء سے باہر آئیں اوراپنے رویوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے سنجیدگی اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر قوم انہیں معاف نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ٹیکس qبار کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند دنوں میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے غیر ملکی قرضوں میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے اور ہماری معیشت اتنی سکت نہیں رکھتی کہ ڈالر کی مزیداڑان کو برداشت کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ملک کی خاطر سر جوڑ کر بیٹھیں اور موجودہ بے یقینی کی فضاء کو ختم کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔ اگر آج معیشت بیٹھ گئی تو آنے والے کئی سالوں تک اس کے منفی اثرات سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھنے کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائرگررہے ہیں جس کا دبا ئوپاکستانی روپے پربھی مرتب ہورہا ہے جبکہ اس کے ساتھ سیاسی عدم استحکام بھی ایک وجہ ہے ۔