کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے سینئررہنما سینیٹر فیصل سبزواری نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ جانے پر ہمیں مجبور کیا گیا، ان میں اتنی سکت نہیں تھی کہ ایک بھی سیٹ جیت سکیں۔
کراچی میں پارٹی ذمہ داران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ 3 اگست 2018 کو صدر عارف علوی کے دستخط سے معاہدہ کیا، معاہدہ شہری سندھ کے بنیادی مسائل پر تھا، معاہدے پر انتہائی سست رفتاری سے کام ہوا، جس پر ہم وفاقی کابینہ سے نکل گئے۔فیصل سبزواری نے کہا کہ 9 مارچ کو وزیراعظم بہادر آباد آئے، کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں کیا، 29 مارچ کو گورنر سندھ اور پرویز خٹک نے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی، کسی سازش کا نہیں بتایا۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جارہا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی حکومت کو دھوکا دیا ہے، ہم نے پیٹھ پیچھے کچھ نہیں کیا، ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدہ اپنے لوگوں کے حقوق کے لیے کیا ہے۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم نے جو معاہدہ کیا ہے اس پر ملک کی تمام سیاسی قیادت نے دستخط کیے ہیں۔