کیف (این این آئی)یوکرائن نے دعوی کیا ہے کہ روسی فوج شمالی اور مشرقی یوکرائن میں داخل ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرائن کی بارڈر گارڈ سروس
نے بتایاکہ روسی فوجیوں کے قافلے شمالی چرنیہیو اور سومی کے علاقوں اور مشرقی لوہانسک اور خارخیو کے علاقوں سے یوکرائن میں داخل ہو گئے ۔روسی حملے سے پہلے توپ خانوں سے گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں یوکرائن کے سرحدی محافظ زخمی ہوئے ۔یوکرائن کی بارڈر گارڈ سروس کا کہنا تھا کہ سرحدی محافظ اور مسلح افواج دشمن کو روکنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات کر رہے ہیں۔دوسری جانب یوکرائن کے پولیس حکام نے دعوی کیا کہ روسی فوجوں کی بمباری سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اوڈیسا کے باہر پولڈیسک میں فوجی یونٹ پر ہونے والے حملے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق 19 افراد لاپتہ ہیں۔