سرگودھا(این این آئی)سرگودھا میں کار سوار 8 افراد نے تلخ کلامی کی رنجش میں مرحوم کے بیٹے کو اغواء کر کے ڈنڈوں سوٹوں اور ہنٹروں سے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس کا ڈی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جس پر پولیس نے
مرکزی ملزم کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے 8 حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔سرگودھا کے قصبہ بھاگٹانوالہ کے چک 51 جنوبی میں سعید دین کے انتقال پر مرحوم کے بیٹوں سے تلخ کلامی کی رنجش میں دو کاروں میں سوار عبداللہ خان وغیرہ نے چک 51 اڈا سے اسحلہ کے زور پر مرحوم سعید دین کے نوجوان بیٹے مجاہد حیات کو اغواء کر لیا اور چک 24 جنوبی میں لیجا کر مغوی نوجوان پر ڈنڈوں،سوٹوں اور ہنٹروں سے تشدد کرتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس میں نوجوان پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد خان نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔جس پر تھانہ بھاگٹانوالہ پولیس ٹیم نے وقوعہ میں ملوث مرکزی ملزم کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا اور متاثرہ نوجوان کے بھائی امان اللہ کی رپورٹ پر 8 ملزمان عبداللہ خان،یوسف خان،محمود خان،ولی خان، ذیشان عرف شانی،سید خان اور دو نامعلوم کے خلاف زیر دفعہ 367/292/148/149 مقدمہ درج کر لیا۔ جبکہ متاثرہ نوجوان مجاہد حیات کا میڈیکل کرواتے ہوئے پولیس مصروف تفتیش ہے۔