لاہور(مانیٹرنگ، این این آئی)وزیرتعلیم مراد راس نے پنجاب بھر کے سکولوں میں طلبہ کے لئے ٹوپی اور طالبات کے لئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کا حصہ بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے، پنجاب حکومت نے طلبہ کی سکول میں حاضری کے لئے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیدیا،
بارہ سال سے کم عمر بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی ۔این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرتعلیم مراد راس نے کہا کہ سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں چھٹیوں سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے بچوں کی اکثریت کو کورونا ویکسین لگوا دی گئی ہے اور ویکسی نیشن کے بغیراب بچے سکولوں میں نہیں آسکتے جب کہ 12 سال سے کم عمربچوں کی سکولوں میں حاضری 50 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔انہوںنے بتایا کہ اساتذہ کی ویکسی نیشن سو فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ اساتذہ کو قرآن پاک پڑھانے بارے تربیت دے رہے ہیں جن میں سے64 ہزار ایم اسلامیات یاعربی کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے سکارف اور کیپ کو یونیفارم کا حصہ بنائیں۔