متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے پیش نظر ریڈ اور ییلو الرٹ جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی شدت کی وجہ سے حد نگاہ بعض علاقوں میں انتہائی کم ہو گئی ہے اور توقع ہے کہ دھند مزید گہری ہو سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سڑکوں پر ڈرائیونگ میں خاص احتیاط کریں۔ ابو ظہبی میں شدید دھند کی وجہ سے کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار کی حد کم کر دی گئی ہے، جبکہ دبئی اور ابو ظہبی میں حد رفتار کنٹرول سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔
اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ حد رفتار سسٹم فعال ہونے پر گاڑیوں کی رفتار کو لازمی طور پر کم کرنا ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کیا جائے گا۔















































