مانسہرہ کے حلقہ NA-18 میں ضمنی انتخابات کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے 22، 23 اور 24 نومبر کو تین روزہ مقامی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق انتخابی سرگرمیوں کے دوران کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے ان تین دنوں میں بند رہیں گے۔ حلقے میں ضمنی الیکشن 23 نومبر 2025 کو منعقد ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سرمائی تعطیلات 23 دسمبر 2025 سے شروع ہو کر 11 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ تمام اسکول 13 جنوری 2026 کو دوبارہ کھلیں گے اور نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہو جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تعطیلات کا یہی شیڈول سرکاری اور پرائیویٹ دونوں طرح کے اداروں پر یکساں لاگو ہوگا، اور کسی اسکول کو اپنی مرضی سے شیڈول تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق چھٹیوں کا فیصلہ پنجاب میں بڑھتی سردی اور بچوں کی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ طلبہ موسم کی شدت سے محفوظ رہیں اور بہتر تیاری کے ساتھ نئے سال کا آغاز کر سکیں۔
اس سے قبل اسموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر پنجاب حکومت نے اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کہ کوئی بھی تعلیمی ادارہ صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے کھل نہیں سکے گا۔















































