لاہور(این این آئی) ایف آئی اے نے شوگر سکینڈل میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف الزامات کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دونوں 16 ارب روپے کی منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ
کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز 16 ارب روپے کی منی ٹریل جمع نہیں کرا سکے ۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایف آئی اے نے شوگر سکینڈل میں دونوں اور دیگر کے خلاف تحقیقات کو حتمی شکل دیدی ہے اور اب ٹرائل کورٹ میں چالان جمع ہوگا۔اہلکار نے الزام لگایا کہ ایف آئی اے نے جن 17 مشتبہ افراد سے تفتیش کی ان میں سے زیادہ تر وہ تھے جن کے ناموں پر بینک اکائونٹس رقم کو لانڈر کرنے کے لیے کھولے گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ایک سال پر محیط تحقیقات کے دوران باپ بیٹے نے ایف آئی اے کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔عہدیدار نے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اپنے عملے کے نام پر اکائونٹس کھولنے اور ان کا استعمال کرتے ہوئے 16 ارب روپے کی لانڈرنگ کے حوالے سے سوالات کے جوابات فراہم نہیں کیے۔تحقیقات کے دوران ایف آئی اے نے العربیہ شوگر ملز لمیٹڈ، رمضان شوگر ملز لمیٹڈ اور شہباز فیملی کی ملکیتی کاروباری اداروں سے متعلق کچھ دیگر ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔متعلقہ محکموں سے دونوں کے خلاف شواہد بھی اکٹھے کیے گئے تھے۔