لاہور/اسلام آباد/کراچی/ملتان/پشاور/( این این آئی)آل پاکستان پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مارجن میں اضافہ کرنے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ہڑتال کر دی گئی جس کی وجہ سے ملک بھر میں اکثریتی پٹرول پمپس بند رہے ، مختلف علاقوں میں اکادُکا پٹرول پمپس کھلے
رہے جہاں شہریوں کا انتہائی رش دیکھنے میں آیا ۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں اضافے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر اپنے اعلان کے مطابق ہڑتال کر دی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعض پٹرول پمپوں پر صبح کے وقت ایندھن کی فروخت کی گئی تاہم سپلائی نہ ہونے سے کئی پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ ختم ہوگیا جس کی وجہ سے اسے روک دیا گیا ۔ ایسوسی ایشن کی کال پر ملک بھر میں اکثریتی پٹرول پمپس بند رہے اور مالکان نے قناعتیں لگا کر پمپس کو بند رکھا ۔مختلف مقامات پر کھلنے والے اکادُکا پٹرول پمپس پر ایندھن حاصل کرنے والوں کی قطاریں لگی رہیں تاہم انہیں بھی ایک حد سے زیادہ پٹرول فروخت نہ کیا گیا ۔کئی مقامات پر شہری پٹرول ختم ہونے پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دھکا لگا تے ہوئے بھی نظر آئے ۔ کراچی سمیت دیگر شہروں میں شہریوں نے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹینک فل کرانے کے لئے رات پمپس پر گزاری جس کی وجہ سے لمبی قطاریں لگی رہیں۔ دوسری جانب غیر قانونی طو رپر منی مشینوں کے ذریعے پٹرو ل فروخت کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے اور فی لیٹر 250 سے 300روپے لیٹر تک فروخت کیا گیا ۔